• محمد کاظم
  • بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ

پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں الیکشن ٹریبونل نے دھاندلی اور غیر قانونی ذرائع کا الزام ثابت ہونے پر صوبے سے قومی اسمبلی کی نشست این اے 267 سے مسلم لیگ نواز کے رکن قومی اسمبلی نوابزادہ خالد خان مگسی کو نااہل قرار دیا ہے۔

ریٹائرڈ جج محمد نعیم کاکڑ پر مشتمل ٹریبونل نے یہ فیصلہ جمعہ کے روز سنایا۔

اس حلقے سے 11 مئی 2013 کے عام انتخابات میں نوابزادہ خالد مگسی کامیاب ہوئے تھے۔ ان کی کامیابی کو اس حلقے سے دوسرے نمبر پر زیادہ ووٹ حاصل کرنے والے امیدوار عبد الرحیم رند نے چیلنج کیا تھا۔

انھوں نے اپنے انتخابی عذرداری میں یہ موقف اختیار کیا تھا کہ چونکہ انتخابات کے وقت نواب ذوالفقار مگسی بلوچستان کے گورنر تھے جس کی وجہ سے ان کے چھوٹے بھائی نوابزادہ خالد مگسی کے لیے سرکاری اثر ورسوخ کے استعمال کے باعث انتخابات آزادانہ اور شفاف طریقے سے نہیں ہوئے۔

درخواست گزار کے مطابق سرکاری اثرورسوخ کی وجہ سے کئی پولنگ سٹیشنوں پر ان کے پولنگ ایجنٹوں کو نہیں چھوڑا گیا۔ انھوں نے اپنے پولنگ ایجنٹوں کو پولنگ سٹیشنوں پر جانے کی اجازت نہ دینے کے خلاف ایف آئی آر درج کرانا چاہی لیکن ان کی ایف آئی آر درج نہیں کی گئی۔

درخواست دہندہ نے یہ بھی الزام عائد کیا تھا کہ کامیاب ہونے والے امیدوار نے اپنی کامیابی کو یقینی بنانے کے لیے حلقے میں دھاندلی کی اور غیر قانونی ذرائع کا استعمال کیا۔

الیکشن ٹریبونل نے انتخابی عذرداری پر جو فیصلہ سنایا اس کے مطابق اگر غیر قانونی اور غیر مجاز ووٹوں کو نوابزادہ خالد مگسی کے ووٹوں سے منہا کیا جائے تو ان کے ووٹ درخواست دہندہ کے ووٹوں سے کم ہوں گے۔

دھاندلی کا الزام ثابت ہونے پر ٹریبونل نے نوابزادہ خالد مگسی کو نااہل قرار دے کر الیکشن کمیشن کو حلقے میں دوبارہ انتخاب کرانے کا حکم دیا ہے۔

نوابزادہ خالد مگسی اس حلقے سے آزاد حیثیت سے کامیاب ہوئے تھے تاہم بعد میں انہوں نے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کی تھی ۔

No comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *