امریکہ نے بگرام جیل کے بڑے حصے کا نظم و نسق افغان حکام کے حوالے کر دیا ہے، تاہم وہ حصہ جہاں پاکستانیوں سمیت غیرملکی قید ہیں، اب بھی امریکیوں کے زیرِانتظام ہے
پاکستانی حکام نے تصدیق کی ہے کہ افغانستان کے قصبے بگرام میں قائم امریکی جیل سے مزید 14 پاکستانیوں کو رہا کیا گیا ہے۔
پاکستانی دفتر خارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بگرام جیل میں قید 14 پاکستانیوں کو سنیچر کے روز پاکستانی حکام کے حوالے کیا گیا۔
ان افراد کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے، اور نہ ہی ترجمان نے اس سلسلے میں مزید تفصیلات فراہم کیں۔
ان قیدیوں کی رہائی کے ساتھ ہی اس برس بگرام جیل سے رہائی پانے والوں پاکستانیوں کی تعداد 33 ہو گئی ہے۔
2001 میں افغانستان پر امریکی حملے کے بعد درجنوں پاکستانیوں کو بظاہر دہشت گردی کے شبے میں بگرام جیل میں قید کیا گیا تھا مگر ان میں سے زیادہ تر افراد کو بغیئر مقدمہ چلائے بنا کسی الزام کے کئی سال قید میں رکھا گیا اور زیادہ تر افراد حالیہ مہینوں میں رہا کیے گئے ہیں۔
امریکہ نے بگرام جیل کے بڑے حصے کا نظم و نسق افغان حکام کے حوالے کر دیا ہے جس کے بعد بہت سے مقامی قیدیوں کو رہائی مل گئی ہے۔ تاہم وہ حصہ جہاں پاکستانیوں سمیت غیرملکی قید ہیں، اب بھی امریکیوں کے زیرِانتظام ہے۔
گذشتہ سال نومبر میں چھ پاکستانیوں کو بگرام سے رہائی ملنے کے بعد دو ماہ تک پاکستانی قانون نافذ کرنے والے اداروں کی حراست میں رکھا گیا تھا۔
ان میں سے اکثر لوگ ابھی بھی اس جیل میں خود سے روا رکھے جانے والے سلوک کے بارے میں بات کرتے ہوئے گھبراتے ہیں اور انھیں ڈر ہے کہ کہیں انھیں دوبارہ اپنی آزادی سے ہاتھ نہ دھونا پڑیں۔
No comment