چین کے صدر جتنی جلد ممکن ہو سکا پاکستان آئین گے، پاکستانی دفتر خارجہ

،تصویر کا ذریعہREUTERS

،تصویر کا کیپشن

چین کے صدر جتنی جلد ممکن ہو سکا پاکستان آئین گے، پاکستانی دفتر خارجہ

پاکستانی دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ چین کے صدر ژی جن پنگ جتنی جلد ممکن ہو سکا پاکستان کا دورہ کریں گے۔

ہفتہ وار بریفنگ میں دفتر خارجہ کی ترجمان نے اس تاثر کو رد کیا کہ چین کے صدر کے دورہ پاکستان ملتوی ہونے اور بھارت کا دورہ کرنے سے دونوں ممالک کے تعلقات پر کوئی منفی اثر پڑے گا۔

ترجمان دفتر خارجہ تسنیم اسلم نے کہا کہ گذشتہ دنوں وزیراعظم کے معاون سرتاج عزیز کی چینی صدر کے ساتھ دوشنبے میں ہونے والی ملاقات ہوئی جس میں چین کے صدر نے کہا تھا کہ وہ جلد دورہ پاکستان کے منتظر ہیں۔

انھوں نے کہا کہ چین کے صدر نےان جذبات کو دہرایا کہ دونوں ممالک کے درمیان دیرپا اور پائیدار تعلقات موجود ہیں۔

’چین کے صدر نے کہا کہ یہ تعلق دنیا میں ہونے والی تبدیلیوں سے الگ ہے۔‘

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ دونوں ممالک کی قیادت، حکومتیں اور دفترخارجہ مستقل رابطے میں ہیں اور چین کے صدر جتنی جلد ہو سکا پاکستان کا دورہ کریں گے۔

دفتر خارجہ کی ترجمان نے پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری کی بیرونی ممالک کے سفیروں کے ساتھ ہونے والی ملاقاتوں سے لاعلمی کا اظہار کیا۔

ان کا کہنا تھا ’ میں ان ملاقاتوں کے حوالے سے آگاہ نہیں اور اس حوالے سے مانگی گئی اجازت سے لاعلم ہوں۔‘

تسنیم اسلم نے بتایا کہ عام طور پر ہمارے مشن بیرون ملک کام کرتے ہیں اور معاشرے کے مختلف طبقات کے ساتھ رابطے میں رہتے ہیں۔ تاہم ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہمارے مشن دوسرے ممالک کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہیں کرتے اور ہم دوسروں سے بھی یہی توقع کرتے ہیں۔

سیلابی صورتحال میں پاکستان کو بین الاقوامی برادری سے امداد مل رہی ہے یا نہیں کے سوال کے جواب میں تسنیم اسلم نے بتایا کہ پاکستان نے ابھی تک بین الاقوامی سطح پر کوئی اپیل نہیں کی تاہم بہت سے ممالک نے اقوام متحدہ کے امدادی اداروں کے توسط سے مدد کر رہے ہیں۔

No comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *