کراچی: بلدیہ ٹاؤن میں موبائل فون شاپ پر اندھا دھند فائرنگ سے 2 سگے بھائیوں سمیت 3 افراد جاں بحق جبکہ کمسن لڑکا زخمی ہوگیا.
تفصیلات کے مطابق بلدیہ کے علاقے رشید آباد منان اسپتال کے قریب مسلح ملزمان کی موبائل فون شاپ کے قریب اندھا دھند فائرنگ سے 2 سگے بھائیوں اور کمسن لڑکے سمیت 4 افراد زخمی ہوگئے جنھیں فوری طبی امداد کے لیے سول اسپتال لیجایا گیا جہاں دونوں بھائی سمیت 3 افراد دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔
ایس پی بلدیہ مغیث احمد ہاشمی کے مطابق مقتولین کی شناخت 26 سالہ جنید اس کے بڑے بھائی 35 سالہ سیفن ولد اسحاق اور 48 سالہ امتیاز کے نام سے کی گئی جبکہ زخمی ہونے والے 5 سالہ ایان کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے جس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔
پولیس کو وقوعہ سے نائن ایم ایم پستول کے 10 خول ملے ہیں جبکہ ابتدائی طور پر واقعہ ڈکیتی کے دوران مزاحمت کا بتایا گیا تاہم تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ مقتول امتیاز بلدیہ رشید آباد کا رہائشی ہے جبکہ دونوں مقتولین سگے بھائی جنید اور سیفن اس کے پاس کوہاٹ سے مہمان آئے ہوئے تھے اور ان پر کوہاٹ میں قتل کا مقدمہ چل رہا ہے جو کہ ضمانت پر رہا تھے اور کراچی آئے ہوئے تھے جبکہ تینوں افراد موبائل شاپ پر بیٹھے ہوئے تھے کہ موٹر سائیکل سوار مسلح ملزمان نے انھیں اپنے ہدف کا نشانہ بنایا اور موقع سے فرار ہوگئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ شبہ ہے کہ فائرنگ کا یہ واقعہ اسی قتل کا ردعمل ہو سکتا ہے تاہم مقتولین بھائیوں کے اہلخانہ سے مزید معلومات حاصل ہونے کے بعد صورتحال مزید واضح ہو سکے گی اور ملزمان کی بھی نشاندہی میں مدد ملے گی۔
No comment