کراچی: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے میئر کراچی کے الیکشن میں غیر حاضر رہنے والے 31 بلدیاتی نمائندوں کی پارٹی رکنیت ختم کردی۔

پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ کی سفارش پر مرکزی قیادت نے میئر کراچی کے انتخابات میں غیر حاضر رہنے والے 31 کو پارٹی سے نکالا جبکہ انتخاب میں 32 اراکین نے پارٹی پالیسی سے انحراف کیا تھا۔

پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے کہا کہ پہلے مرحلےمیں 11 پھر 6 اس کے بعد 7 اور آج دوبارہ 7 چیئرمینز کو پارٹی سے نکالا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے جماعت اسلامی کے امیداور حافظ نعیم الرحمان کی غیر مشروط حمایت کا اعلان کیا تھا مگر میئر کے الیکشن میں 31 اراکین غیر حاضر جبکہ ایک رکن نے ووٹ نہیں ڈالا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ہم جانتے ہیں مجبوریاں تھیں آدھے لوگ نہیں پہنچے، اگر آدھے لوگ آسکتے تھے تو تیس لوگ کیوں نہیں پہنچے، ہماری غریب خواتین بھی کیسز کے باوجود پارٹی کے حکم پر ووٹ دینے پہنچیں۔

حلیم عادل شیخ نے کہا کہ ہم نے تمام اراکین کو شوکاز نوٹس جاری کیے جس پر انہوں نے جواب میں ہمیں مطمئن نہیں کیا، البتہ ثمرین ناز کے جواب سے مطمئن ہونے پر ان کی رکنیت بحال کردی۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ اگلے مرحلےمیں ہماری وکلاء کی ٹیم برخاست چیئرمینز کو ڈی سیٹ کروائےگی۔

No comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *