
ملزم کی پولیس کی حراست میں تصویر (فوٹو : پنجاب پولیس)
لاہور: پنجاب پولیس چھ برس قبل منڈی بہاء الدین میں قتل کرکے عمان فرار ہوئے ملزم کو گرفتار کرکے عمان سے وطن واپس لے آئی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق بیرون ملک مفرور اشتہاریوں کے خلاف شکنجہ مزید سخت ہوتا جارہا ہے، عمان مفرور ہونے والے ایک اور اشتہاری کو گرفتار کرکے پنجاب پولیس کے حوالے کردیا گیا۔
پنجاب پولیس کے مطابق قتل کی واردات میں 6 برس سے مطلوب اشتہاری کامران حنیف کو انٹر پول کی مدد سے عمان سے گرفتار کیا گیا، پنجاب پولیس کی ٹیم اشتہاری کامران حنیف کو عمان سے لے کر لاہور ائیر پورٹ پر پہنچ گئی۔
منڈی بہاء الدین پولیس نے انٹر پول سے ملزم کا ریڈ نوٹس جاری کروایا جس کے بعد ملزم کو گرفتار کرکے پاکستان لایا گیا۔ قتل کے مقدمے میں مطلوب اشتہاری کامران حنیف 6 برس سے پنجاب پولیس منڈی بہاء الدین کو مطلوب تھا۔
کامران حنیف کی گرفتاری کے بعد بیرون ملک سے گرفتار اشتہاری مجرمان کی مجموعی تعداد 40 ہوگئی ہے۔
آئی جی پنجاب عثمان انور نے خطرناک اشتہاری کو گرفتار کرنے والی پولیس ٹیم کو شاباش پیش کی ہے اور سنگین وارداتوں میں ملوث بیرون ملک مفرور اشتہاریوں کی گرفتاریوں کے لیے کریک ڈاؤن کو جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔
No comment