• عزیزاللہ خان
  • بی بی سی اردو ڈاٹ کام ، پشاور

خیبر پختونخوا میں حالیہ چند ہفتوں میں ٹارگٹ کلنگ اور پولیس اہلکاروں پر حملوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشن

خیبر پختونخوا میں حالیہ چند ہفتوں میں ٹارگٹ کلنگ اور پولیس اہلکاروں پر حملوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے

پاکستان کے صوبہ خیبر پختو نخوا کے ضلع ہنگو میں نامعلوم حملہ آوروں نے فائرنگ کر کے تین پولیس اہلکاروں کو ہلاک کر دیا ہے ۔

مقامی پولیس کے مطابق یہ واقعہ پیر کی صبح سٹی تھانے کی حدود میں قاضی پمپ کے قریب پیش آیا ہے۔

پولیس اہلکار سید حنیف نے بی بی سی کو بتایا کہ تینوں اہلکار شہر کے داخلی راستے پر لگائے گئے پولیس ناکے پر تعینات تھے۔

پولیس کے مطابق موٹر سائیکل پر سوار نامعلوم افراد نے ان اہلکاروں پر فائرنگ کی جس سے سپاہی خرم شہزاد، حاجی رحمان اور شاہد عمر ہلاک ہوگئے۔

حملہ آور فائرنگ کے بعد فرار ہونے میں کامیاب رہے۔

اس واقعہ کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے لیکن اب تک کوئی قسم کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔

یاد رہے گزشتہ روز ہنگو کے علاقے دوآبہ میں نامعلوم افراد نے مذہبی رہنما مولانا شیر عالم فاروقی کو فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا تھا۔

یہ ضلع ہنگو میں ایک ہفتے کے دوران پولیس کو نشانہ بنائے جانے کا دوسرا واقعہ ہے۔

اس سے قبل 15 ستمبر کو نامعلوم افراد نے ہنگو کے علاقے ٹل میں تھانے پر حملہ کیا تھا جس میں ایک اہلکار ہلاک اور تین زخمی ہوئے تھے۔

خیبر پختونخوا میں حالیہ چند ہفتوں میں ٹارگٹ کلنگ اور پولیس اہلکاروں پر حملوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے اور یہ واقعات پشاور کے علاوہ ہنگو، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان، کرک اور سوات میں پیش آ ئے ہیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ یہ واقعات شمالی وزیرستان میں جاری فوجی آپریشن کا رد عمل ہو سکتا ہے۔

تاہم ان کا دعوی ہے کہ شدت پسندوں کے بڑے حملے کرنے کی صلاحیت ختم کر دی گئی ہے اس لیے وہ اب اس طرح کی کارروائیاں کر رہے ہیں۔

No comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *